غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی افواج کے غزہ کی پٹی میں وحشیانہ حملے تھم نہ سکے، 24 گھنٹوں مزید 34 مظلوم فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے سکول پر حملہ کیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت 18 فلسطینی شہید ہوئے، اقوام متحدہ کے زیر انتظام سکول پر اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیلی فضائی حملے میں اقوام متحدہ کے 6 ملازمین بھی ہلاک ہوئے، صیہونی فضائیہ نے جبالیہ کیمپ پر بھی حملہ کیا جس میں 2 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ رفاہ اور خان یونس میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
دوسری جانب سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ سکول پر حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، یو این عملے پر اسرائیلی حملوں پر احتساب کی عدم موجودگی ناقابل برداشت ہے۔
واضح رہے کہ شہداء کی مجموعی تعداد 41ہزار 118 ہوگئی، 95 ہزار 125 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔