ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں بے گھر فلسطینیوں کے ایک سکول ہاؤس کو اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس حملے میں مارے گئے افراد میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی برائے مہاجرین کے ملازمین کی بھی شامل تھے، سعودی عرب نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا بے گھر شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
سعودی عرب نے مطالبہ کیا کہ غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ہونے والی بڑی انسانی تباہی کو ختم کیا جائے۔
سعودی عرب نے امدادی سہولیات اور تنظیموں اور ان کے کارکنوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو مکمل طور پر مسترد کردیا، مملکت کی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی احتساب کے طریقہ کار کو فعال کرے اور بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کی ذمہ داری ادا کرے۔