تہران: (ویب ڈیسک) پاکستان کے بعد ایران میں بھی قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر طالبان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
طالبان کے دوسرے ممالک میں تعینات مندوبین کی جانب سے ان ملکوں کے قومی ترانوں کے چلنے کے موقع پر احتراماً کھڑے نہ ہونے کی وجہ سے طالبان تحریک کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہہے کہ پاکستان کے شہر پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغان ناظم الامور کی طرف سے قومی ترانے کے بجائے جانے کے موقع پر حسب روایت کھڑے نہ ہونے کے بعد تہران میں ایک تقریب میں شرکت کرنے والے طالبان رہنما بھی ایسے ایک معاملے میں تنقید کی زد میں ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیا کے امور کے سربراہ نے افغانستان کے سفارتخانے کے ناظم الامور کو اسلامی اتحاد کانفرنس میں افغان ایلچی کے غیر معمولی اور ناقابل قبول رویئے کے بعد ایرانی وزارت خارجہ میں طلب کرکے ان سے سخت احتجاج کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان سے ایرانی قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا گیا، تہران میں اسلامی اتحاد کی اڑتیسویں کانفرنس کے لئے طالبان کے ایلچی شیخ عزیز الرحمان منصور ایرانی قومی ترانہ بجانے کے دوران باقی حاضرین کے برعکس کھڑے نہیں ہوئے تھے۔