سعودی وزیر خارجہ کی لبنانی ہم منصب سے ملاقات، لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 26 September,2024 06:04 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ کی لبنانی ہم منصب سے ملاقات ہوئی، لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سیشن کے موقع پر اپنے لبنانی ہم منصب عبداللہ بوحبیب سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے لبنان کے منظر نامے پر موجودہ پیش رفت، تشدد کے پھیلاؤ کے خطرے اور لبنان اور خطے کی سلامتی اور استحکام پر اس پیش رفت کے اثرات کا جائزہ لیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے لبنان کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اس کی خودمختاری کے احترام کرنے کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔

بو حبیب نے کہا کہ اقوام متحدہ میں امریکی صدر کی حالیہ تقریر مضبوط یا امید افزا نہیں تھی اور اس سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ واحد ملک ہے جو حقیقی معنوں میں مشرق وسطیٰ میں لبنان کے حوالے سے تبدیلی لا سکتا ہے۔