ایران کے تمام ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت بحال

Published On 04 October,2024 02:36 am

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے تمام ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دیں، یہ تعطل مختصر دورانیے کے لئے اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد کیا گیا تھا۔

خیال رہے منگل کے روز اسلامی جمہوریہ ایران نے اسرائیل پر 200 بیلسٹک میزائل فائر کئے تھے تاکہ اس کے خلاف جوابی کارروائی کی جا سکے۔

اس کے بعد جمعرات کی نصف شب 1 بج کر 30 منٹ سے 5 بجے صبح تک سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پروازوں کو معطل کر دیا گیا تھا تاہم سول ایوی ایشن سے متعلق ادارے کے ترجمان جعفر یزارلو نے اب ان تمام پروازوں کی بحالی کی تصدیق کر دی ہے اور بتایا کہ تعطلی کے بعد معمول کے مطابق پروازوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔

ترجمان نے کہا یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے بعد کیا گیا ہے کہ اب پروازوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور مسافر طیارے اپنے مسافروں کو لا اور لے جا سکیں گے۔

دوسری جانب یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی حکام نے یورپی ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایرانی فضائی حدود سے گزرنے سے گریز کریں، حکام نے یہ ہدایت 31 اکتوبر تک کے لئے کی ہے۔

واضح رہے کہ اسی طرح کی ہدایات تل ابیب اور بیروت کے حوالے سے بھی مختلف ایئرلائنز کے حکام کو کی جا چکی ہیں تاکہ خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال میں ایئرلائنز اور ان کے مسافروں اور طیاروں کو کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہ ہو۔