واشنگٹن : (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل کی بد ترین اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر دنیا کے تقریباً تمام بڑے اور اہم شہری مراکز میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے۔
اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے مخالف ہزاروں انسان دوست شہری امریکہ، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور ایشیائی ملکوں کے دارالحکومتوں میں احتجاج کے لئے نکلے، جن کو اسرائیل کی بمباری سے اب تک تقریباً 42 ہزار فلسطینیوں کے قتل عام پر شدید غم و غصہ ہے، ان 42 ہزار فلسطینیوں میں زیادہ تر تعداد عورتوں اور معصوم بچوں کی ہے۔
لندن، روم، برلن، میڈرڈ، کیپ ٹاؤن اور چلی میں بھی مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی، امریکہ میں مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے باہر پہنچ گئے جہاں انہوں نے امریکی انتظامیہ سے اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی روکنے کے لئے زبردست نعرے بازی کی، مظاہرین ہاتھوں میں کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن میں جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل معصوم افراد کا خون بہا رہا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے۔