بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ نے 25 اسرائیلی افسروں اور اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
لبنان کے خلاف اسرائیل کی جانب سے شروع کی جانے والی فوجی کارروائی کے دوران حزب اللہ نے اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی زمینی دراندازی کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی ایلیٹ یونٹ کے 25 سے زائد افسران اور فوجی ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ ہلاکتوں کو اسرائیل نے تسلیم کیا ہے اور آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ اس نے کتنی ہلاکتوں کو چھپایا ہے۔
اس نے اسرائیلی فوجیوں کی چھاؤنیوں، فوجی مقامات اور لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو توپ خانے کے گولوں، میزائلوں اور بھاری مشین گنوں سے مسلسل نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے اپنی زمینی دراندازی کے پہلے دن تین افسروں سمیت اپنے 8 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا اور مقامی میڈیا نے 30 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔
ہفتے کے روز بھی اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا تھا کہ جنوبی لبنان غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے 38 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔