ابوظہبی: (ویب ڈیسک) خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی تیل تنصیبات پر بمباری سے روکا جائے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ خلیجی ممالک کو خدشہ ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کی تیل تنصیبات پر بمباری کی تو خطے میں ایران نواز گروپس اُن کی آئل تنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں تین خلیجی ممالک کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکہ سے یہ مطالبہ کرنے والے ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر شامل ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان ممالک نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی جوابی کارروائی کے لئے ان ممالک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے چند روز قبل اسرائیل کی جانب درجنوں میزائل داغے گئے تھے جس پر اسرائیل نے جوابی کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے، ایران نے بھی اسرائیل پر واضح کر رکھا ہے کہ اگر اس نے جوابی کارروائی کی تو جوابی ردعمل زیادہ شدید ہو گا۔
خلیجی ممالک کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں۔