سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کا غزہ میں فوری جنگ بند کرنے کا مطالبہ

Published On 17 October,2024 02:53 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے غزہ میں فوری جنگ بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے ایک انٹرویو میں غزہ میں جنگ کے ایک سال کے مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اب جنگ کو فوری روک کر جنگ بندی کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اسرائیلی یرغمالی واپس گھروں کو لوٹ سکیں۔

اولمرٹ کا کہنا تھا کہ اگر جنگ جاری رہتی ہے تو اس کے اثرات طویل عرصے کے لئے ہوں گے، ان کے مطابق غزہ میں حماس کی جنگی صلاحیت کافی کمزور ہو چکی ہے، اس لئے اب جنگ کا جاری رکھنا دونوں طرف کے معصوم لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی بات ہوگی، اسرائیلی و فلسطینی شہری دونوں جنگ میں مارے جائیں گے، بجائے اس کے کہ ہم یرغمالیوں کو رہا کرائیں، ہم ان کی زندگیوں کو بھی مزید خطرے میں ڈال دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب ہمیں جنگ کو فوری طور پر روک دینا چاہئے اور ہمیں اپنے یرغمالیوں کو واپس گھروں کو لانا چاہئے، حماس کے ساتھ معاہدے کے تحت، نیز ہمیں غزہ سے فوج کا مکمل انخلا کر دینا چاہیے۔

اولمرٹ نے اسرائیلی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ تعاون کرے اور دوسرے عرب ممالک کے ساتھ بھی مل کر چلتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا حل نکالے۔