تہران: (ویب ڈیسک) پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے کہاکہ ایران پر حملوں کا اسرائیل کو سخت جواب دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نےکہا کہ مزاحمتی محاذ اور ایران دشمن کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کے لئے اپنے آپ کو ہر ضروری چیز اور ہر طرح کے اسلحہ سے لیس کریں گے، ہم اسرائیل کے خلاف سخت رد عمل کے لئے کام کررہے ہیں، مزاحمت کی طرف سے اسرائیل کو سخت جواب دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ جو انسانی حقوق اور جمہوریت کے دفاع میں بات کرتا ہے، دنیا بھر میں افراتفری اور جنگوں کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے زوردیا کہ جو کچھ آج غزہ اور لبنان میں ہو رہا ہے وہ امریکی انسانی حقوق کے خاتمے کا سب سے مضبوط اور سچا ثبوت ہے، غزہ اور لبنان کی سرحدوں پر اسرائیلی فوجیوں کو دفن کیا جا رہا ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی حکام تمام بین الاقوامی اصولوں اور کنونشنوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ سیاسی طور پر ہار جاتے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی قابلیت کا ثبوت دیا جبکہ امریکہ ان پر پابندیاں لگا کر انہیں شکست دینے میں ناکام رہا۔