بیروت: (ویب ڈیسک ) اسرائیل نے جمعرات کی شب سے لے کر جمعے کو علی الصبح تک بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ پر فضائی حملے کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق 6 روزہ خاموشی کے بعد اسرائیلی فوج نے الضاحیہ کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا، اس سے نصف گھنٹہ پہلے آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے انتاباہات جاری کیے گئے تھے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نشانہ بنائے گئے علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی جہاں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی فوج نے باقاعدگی کے ساتھ بیروت کے جنوب پر حملے کیے ہیں، اسی طرح بیروت کے اندر اور لبنان کے تمام علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ گذشتہ ماہ 23 ستمبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں 1829 سے زیادہ اموات ہوئیں۔
اسرائیل کی طرف سے انتباہات کے بعد بیروت کے ہوائی اڈے کے اطراف اور الضاحیہ میں الغبیری کے علاقے سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی دیکھی گئی ، اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے مشرق میں بعلبک شہر کے اطراف اور اس کے نزدیک ایک گاؤں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
ادھر لبنانی حکومت کے سربراہ نجیب میقاتی نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے انتباہات اسرائیل کی جانب سے مرتکب "اضافی جنگی جرم" شمار ہوتے ہیں۔