جنوبی کوریا: ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی، 2 افراد ہلاک، 12 لاپتہ

Published On 09 November,2024 02:17 am

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے جزیرہ جیجو پر ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی جس کے باعث 2 افراد ہلاک جبکہ 12 لاپتہ ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ یہ حادثہ بیانگ سے تقریباً 24 کلومیٹر (15 میل) دور جزیرہ جیجو کے ساحل پر واقع ایک چھوٹے جزیرے پر پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امددای کارروائیاں شروع کر دی گئیں، عملے کے15 افراد کو بچا لیا گیا، جن میں 2 افراد بے ہوشی کی حالت میں تھے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

کوسٹ گارڈ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کشتی میں 27 افراد سوار تھے، جس میں 16 جنوبی کوریائی اور 11 غیر ملکی شامل تھے، کوسٹ گارڈ نے کہا کہ اس نے امدادی کارروائیوں کے لئے جائے وقوعہ پر 18 جہاز اور پانچ طیارے تعینات کردیئے ہیں۔

جنوبی کوریا کے صدر نے تمام دستیاب وسائل اور اہلکاروں کو متحرک ہونے کا حکم دیا، بحریہ نے چھ اضافی جہاز، ایک طیارہ اور ایک ہیلی کاپٹر بھی تعینات کر دیا۔