اسرائیل نے لبنان کے انتہائی شمالی علاقے عکار پر بم برسا دیئے، 14 افراد جاں بحق

Published On 12 November,2024 04:58 am

بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے لبنان کے انتہائی شمالی علاقے عکار پر بھی بم برسا دیئے۔

لبنان کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیر کی شام ایک اسرائیلی حملے میں لبنان کے انتہائی شمالی کے علاقے عکار میں واقع ایک گاؤں میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں عکار گورنریٹ کے قصبے عین یعقوب میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، یہ ایک دور افتادہ جنگلاتی اور پہاڑی علاقہ ہے جہاں سنی اور عیسائیوں کی اکثریت ہے، اس قصبے پر یہ پہلا حملہ ہے۔

لبنان کی وزارت صحت نے ابتدائی طور پر بتایا کہ اس حملے میں آٹھ افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں، عین یعقوب قصبے کے میئر ماجد درباس نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں کم از کم 14 جاں بحق .ہوئے اور 15 دیگر زخمی ہوئے۔

ماجد درباس نے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں شامی مہاجرین سمیت 30 افراد رہائش پذیر تھے، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔