ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش نے 40 سال بعد عازمین حج کو سمندری راستے سے بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
اگلے سال کا حج سیزن چار سے 9 جون کے درمیان ہو گا، اس دوران سمندر کے راستے عازمین کو بھیجنا شروع کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بنگلہ دیشی حکام حج پیکج کے اخراجات کم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری مطیع الاسلام نے بتایا ہم ان عازمین کے لئے نئے حج پیکج کا اعلان کریں گے جو سمندری راستہ اختیار کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، یہ نیا سمندری راستہ حج کوٹہ پورا کرنے میں ہماری مدد کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری تفویض کردہ شپنگ کمپنی بحری جہاز حاصل کرنے پر کام کر رہی ہے، اگر ہمیں بروقت جہاز مل جائے تو ہماری طرف سے کوئی اور مسئلہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جدہ میں بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور خالد حسین کی سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے ملاقات ہوئی جس کے دوران سمندری راستے سے سفر حج کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔