یونان میں کشتی کو حادثہ، ایک پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق

Published On 14 December,2024 11:22 pm

ایتھنر:(دنیا نیوز، ویب ڈیسک ) یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے ایک پاکستانی سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ زندہ بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، حکام یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ کشی میں مجموعی طور پر کتنے تارکین وطن سوار تھے۔

حکام کے مطابق حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے، کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریٹ کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

ہفتے کے روز الگ الگ واقعات میں مالٹا کے ایک کارگو جہاز نے گاوڈوس نے ایک کشتی سے 47 اور ایک ٹینکر نے یونان کے جنوب میں واقع چھوٹے سے جزیرے سے تقریباً 28 سمندری میل دور 88 تارکین وطن کو بچایا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام کا خیال ہے کہ یہ کشتیاں لیبیا سے ایک ساتھ روانہ ہوئی تھیں۔