دمشق: (دنیا نیوز) اسرائیل کے شام میں فضائی حملوں میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے پانچ گھنٹوں کے دوران شام میں 61 میزائل داغے، صیہونی فورسز نے دمشق میں فورتھ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر اور قریبی علاقوں میں بمباری کی ، فضائی حملوں میں ریڈار سسٹم اور فوجی اسلحہ ڈپو تباہ کردیا گیا۔
اسرائیل کی شام میں کارروائیوں پر شام کی عبوری حکومت نے ردعمل میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو شام میں کارروائیاں کرنے سے روکے، اسرائیل ہماری سرزمین سے اپنی فوج فوری طور پر واپس بلائے، شام پراسرائیلی حملوں کو بھی فوری بندہونا چاہیے۔
ادھر شام کی صورتحال پر اردن میں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شرکاء کی جانب سے شام میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت کی گئی۔
عرب لیگ کے اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ، عالمی برادری اسرائیل کومقبوضہ شامی علاقوں سے متعلق قراردادوں پرعملدرآمد کا پابند بنائے، شامی عوام کو تمام ضروری مدد فراہم کریں گے، شام کی تعمیر نو کیلئے اقدامات اور مدد بھی کریں گے۔