سیول: (ویب ڈیسک) نئے سال 2025 کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوش آمدید کہا گیا تاہم ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں جشن کے بجائے سوگ منایا گیا۔
نئے سال کی آمد پر جنوبی کوریا وہ ملک تھا جہاں نئے سال کا جشن روایتی جوش و خروش سے نہیں منایا گیا بلکہ طیارے حادثے کے باعث ملک میں سوگ رہا۔
یاد رہے کہ 29 دسمبر کو موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حادثے میں صرف دو فضائی میزبانوں کو بچا لیا گیا تھا، حادثے کے بعد ملک میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
دارالحکومت سیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے سال کا آغاز گھنٹی بجا کر اور حادثے میں مرنے والوں کی یاد میں خاموشی اختیار کر کے کیا گیا ہے۔