ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہارشٹرا میں ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کے نتیجے میں 12 مسافر ہلاک ہوگئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہارشٹرا کے جل گاؤں میں ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پر مسافر خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور متعدد نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی۔
جس ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پھیلی اُس کا نام پشپک ایکسپریس ہے اور یہ لکھنؤ سے ممبئی کے درمیان چلتی ہے، آتشزدگی کی افواہ پھیلتے ہی مسافروں نے زنجیر کھینچی تو ٹرین رک گئی جس کے بعد متعدد افراد نیچے اترے اور پٹڑی کراس کرنے کے دوران بنگلورو سے دہلی جانے والی کرناٹکا ایکسپریس کی زد میں آگئے۔
جلگاؤں کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیشور ریڈی نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی، یہ حادثہ ممبئی سے 400 کلومیٹر دور پچورا کے قریب مہیجی اور پردھاڈے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔
ریلوے کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ پشپک ایکسپریس کی ایک بوگی میں چنگاریاں نکلنے کے بعد افواہ پھیل گئی تھی، جس پر مسافر خوف زدہ ہوئے، حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔