امریکا میں مقیم غیر قانونی بھارتی تارکین کے گرد شکنجہ سخت، بے دخل کرنے کا فیصلہ

Published On 22 January,2025 06:39 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں مقیم غیرقانونی بھارتی تارکین وطن کے گرد شکنجہ سخت کردیا گیا، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بھارت امریکا میں مقیم غیر قانونی رہائش پذیر 18ہزار بھارتیوں کو واپس بلائے گا، امریکا میں مقیم بھارتی تارکین وطن کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے، ادھرافغانوں کی امریکا منتقلی کا منصوبہ بھی معطل کردیا گیا۔

ٹرمپ حکومت نے ایک ہزار660 افغانوں کی امریکا منتقلی روک دی، معطل شدہ افغانوں میں امریکی فوجی اہلکاروں کے خاندان بھی شامل ہیں، امریکی حکومت نے افغان پناہ گزین پروگرام کم ازکم 4 ماہ کیلئے معطل کیا۔

ٹرمپ انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پناہ گزینوں کی آمد مقامی وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے۔