تباہ حال غزہ کی تعمیر نو کیلئے کئی سال، اربوں ڈالر درکار ہوں گے: اقوام متحدہ

Published On 22 January,2025 03:59 am

غزہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے واضح کیا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کیلئے کئی سال لگیں گے جس کیلئے اربوں ڈالر درکار ہوں گے۔

اقوام متحدہ کی رواں ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجہ میں غزہ کی پٹی کا ایک وسیع تر حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے،غزہ میں 5 کروڑ ٹن ملبہ موجود ہے، جس کی صرف صفائی کے لئے 21 سال لگ سکتے ہیں جبکہ اس کے لئے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر درکار ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ٹوٹے ہوئے مکانات کی تعمیر نو 2040ء تک ممکن ہو سکے گی بلکہ اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 15 ماہ سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی جنگ کے بع دامریکی، قطری اور مصری ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت 6ہفتوں کے لئے جنگ بندی کی گئی ہے اور امدادی اداروں اور عالمی برداری کی توجہ اب غزہ کی تعمیر نو پر مرکوز ہے۔