اسرائیلی آبادکاروں کا فلسطینی دیہات پر دھاوا، املاک کو آگ لگا دی

Published On 22 January,2025 03:54 am

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں درجنوں اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی دیہات پر دھاوا بول دیا، رہائشیوں پر حملہ کیا، املاک کو نذر آتش کیا اور مقامی فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں شروع کر دیں۔

عالمی میڈیا نے اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ریسکیو سروس کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی آباد کاروں نے جن کی تعداد 50 کے لگ بھگ ہے، مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع الفندوق اور جنسفوت کے دیہات میں عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ فلسطینیوں پر پتھراؤ بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی وڈیو فوٹیج میں ایک گاؤں میں آگ جلتی اور پس منظر میں گولیوں کی آوازیں آتی دکھائی دے رہی ہیں، میگن ڈیوڈ ایڈوم ریسکیو سروس نے اطلاع دی ہے کہ گولی لگنے سے 2 اسرائیلی زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

فوری واضح نہیں ہوسکا کہ گولی چلنے کی وجہ کیا تھی لیکن اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ دونوں آباد کاروں کو بظاہر افراتفری کے دوران ایک اسرائیلی پولیس افسر نے غلطی سے گولی مار دی تھی، واقعہ ابھی تک زیر تفتیش ہے، فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فلسطینیوں کی کتنی اموات ہوئیں۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وافا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی آباد کاروں نے قلقیلیہ نابلس مرکزی سڑک کے ساتھ واقع عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیلی فورسز کی حفاظت میں علاقے پر چھاپہ مارا اور گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا۔