بیروت: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے لبنانی فوج کی حمایت کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل نے لبنانی سرزمین سے بتدریج انخلا شروع کر دیا ہے لیکن انخلا کے باوجود اب بھی تباہی اور حملے جاری ہیں۔
انتو نیوگوتریس نے کہا کہ افق پر چیلنجز منڈلا رہے ہیں خاص طور پر جنوب میں بڑی تباہی ہے، انہوں نے کہا کہ تعمیر نو کی ضروریات بہت زیادہ ہیں تاہم انہیں پورا کرنا مشکل نہیں، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمنی کا خاتمہ نازک ہے لیکن جاری ہے۔
انہوں نے فریقین سے جنگ بندی پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل )کے کام کے بارے میں وضاحت کی کہ اس نے 50 مقامات پر لبنانی فوج کی تعیناتی میں سہولت فراہم کی ہے۔
سیکرٹری اقوام متحدہ نے 60 دن کی مدت سے آگے دیکھنے اور قرارداد 1701 کو نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔