غزہ میں جنگ بندی کا آغاز، 3 اسرائیلی یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے

Published On 19 January,2025 08:04 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں جنگ بندی کا آغاز، مزاحمت کاروں کا گلیوں میں گشت، عوام کا والہانہ استقبال، حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا

فلسطینی مزاحمت کاروں نے جنگ بندی کے بعد غزہ کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس کی سڑکوں پر گشت کیا۔

فلسطینی شہریوں نے نعرے لگا کر اور ہاتھ ہلا کر فلسطینی مزاحمت کاروں کا استقبال کیا، ہزاروں فلسطینی پولیس افسران مختلف علاقوں میں تعینات کر دیئے گئے، میونسپلٹی نے گلیوں کو دوبارہ کھولنے اور بحالی کا کام شروع کر دیا۔

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی ریڈ کراس نے مغویوں کی منتقلی کا عمل شروع کر دیا، حماس نے تین اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ریڈ کراس اسرائیلی یرغمالیوں کو آئی ڈی ایف کے حوالے کر رہا ہے، حماس کی جانب سے رہا کئے جانے والے قیدیوں میں رومی گونن، ایملی ڈاماری اور ڈورون اسٹین نامی خواتین شامل ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے آغاز پر بے گھر فلسطینی اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہوگئے، اپنے علاقوں کو لوٹنے والے فلسطینیوں کو تباہ حال عمارتیں اور مکانات ہی نظر آئے۔

غزہ پر مسلط 15 ماہ کی جنگ میں 46 ہزار 913 شہید، 1 لاکھ 10 ہزار 750 فلسطینی زخمی ہوئے، غزہ سٹی، شمالی غزہ، خان یونس، رفاہ، جبالیہ، دیرالبلاح میں مکانات اور عمارتیں کھنڈر بن گئیں۔

غزہ میں 60 فیصد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، 92 فیصد گھر تباہ، 88 فیصد سکولز متاثر ہوئے، اسرائیلی بمباری سے غزہ کے تمام ہستپال مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

ہر طرف فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں تباہ ہونے والا اسرائیلی ساز و سامان پڑا ہوا ہے۔

فلسطینیوں نے سوشل میڈیا پر تباہ شدہ اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں اور بلڈوزروں کی تصاویر شیئر کیں، غزہ کے تین بارڈرز سے امدادی سامان کے200 ٹرک داخل ہوئے۔

زخمیوں کو لینے کے لیے یمن کے سناء کے ہسپتالوں میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا، امدادی سامان اور ایندھن کے مزید 2 ہزار ٹرک غزہ میں داخل ہونے کیلئے تیار ہیں۔