غزہ میں 3 گھنٹے کی تاخیر سے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کا آغاز

Published On 19 January,2025 12:28 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) غزہ میں 15 ماہ سے جاری قتل وغارت کا سلسلہ تھمنے لگا، جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔

اسرائیلی ہٹ دھرمی کے باعث جنگ بندی میں 3 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد 2 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے قیدیوں کی فہرست اسرائیل کو فراہم کردی، اسرائیلی حکام کی جانب سے قیدیوں کی فہرست موصول ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت غزہ کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے یرغمالیوں کا تبادلہ ہوگا، جنگ بندی 6 ہفتوں کے لئے ہوگی، معاہدے کے تحت جنگ بندی کے پہلے دن 3 قیدی رہا ہوں گے، اسرائیل 95 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

حماس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تکنیکی پیچیدگیوں اور مسلسل اسرائیلی بمباری کے باعث فہرست کی فراہمی میں تاخیر ہوئی، بمباری جنگ بندی معاہدے میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی معاہدے کےباوجود اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا، تازہ حملوں میں مزید 8 فلسطینی شہید جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔

ادھر اسرائیلی کابینہ کےرکن بن گویئر نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی سےمتفق نہیں۔

جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کریں گے: حماس

قبل ازیں حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر فہرست جاری کرنے میں تاخیر ہورہی ہے، رابطوں میں رکاوٹ کے باعث پیغام رسانی میں مشکلات ہیں، جنگ بندی معاہدے پرمکمل عملدرآمد کریں گے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی قیدیوں کی فہرست سے مشروط کردی

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی قیدیوں کی فہرست سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک قیدیوں کی فہرست نہیں ملے گی جنگ بندی نہیں ہوگی، نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو جنگ بندی سے روک دیا۔

واضح رہے کہ لٹے پٹے فلسطینی تباہ حال گھروں میں واپسی کے منتظر ہیں، اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری سے بستیاں ملیامیٹ، گھر، ہسپتال، سکولز اور کالجز کھنڈر بن چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج جنوبی غزہ میں رفح سٹی سے نکلنا شروع ہوگئیں، اسرائیلی فوج مصری سرحد کےساتھ فلاڈیلفی راہداری کے ساتھ موجود رہیں گی۔

واضح رہے کہ معاہدے کے تحت 33 اسرائیلیوں کو رہائی ملے گی، اسرائیل 95 فلسطینیوں کو رہا کرے گا، اسرائیلی حکام نے حماس کی قید میں موجود 33 یرغمالیوں کی تصاویر جاری کردیں۔

جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کھولی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو کے معاملات طے ہوں گے۔