تل ابیب: (دنیا نیوز)اسرائیل اورحماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر آج سے عمل درآمد ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے جنگ بندی معاہدے کی توثیق کردی، معاہدےکےتحت33 اسرائیلیوں کو رہائی ملے گی، اسرائیل95 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کی قید میں موجود33یرغمالیوں کی تصاویر جاری کردی گئیں، اگلے مرحلے میں مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کھولی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو کے معاملات طے ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے جنگ بندی معاہدے کےبعد پہلے خطاب میں کہا کہ غزہ جنگ بندی کا معاہدہ جو بائیڈن اور ٹرمپ کے باعث ممکن ہوا، جب تک یرغمالیوں کی فہرست نہیں ملتی معاہدے پر آگے نہیں بڑھ سکتے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، حماس نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو اسرائیل دوبارہ جنگ کا حق رکھتا ہے، ٹرمپ اور بائیڈن نے اسرائیل کا دوبارہ لڑنے کا حق تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ جنگ چھڑ گئی تو ہم نئے طریقوں اور بڑی طاقت کے ساتھ لڑیں گے،کوشش جاری رکھیں گے کہ حماس کی فوجی اور حکومتی صلاحیتوں کو ختم کریں، یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ غزہ اسرائیل کیلئے مزید خطرہ نہ بنے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حسن نصر اللہ اور حزب اللہ کی پوری چوٹی کی قیادت کو ختم کیا، شامی فوج کے زیادہ تر ہتھیاروں کو تباہ کیا۔