واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی کانگریس کے رکن جو ولسن نے کہا کہ عالمی استحکام کیلئے سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات ناگزیر ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں امریکی اور سعودی تعلقات کو عالمی استحکام کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی غیر ملکی رہنما کو جو پہلی گفتگو کی وہ سعودی عرب کے رہنما کے ساتھ تھی اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ 80 سال کے ایک ضروری ساتھی اور دوست کے لیے مضبوط پیغام ہے۔
انہوں نے لکھا کہ گزشتہ گھنٹوں میں دونوں ملکوں کے رابطوں کا اس وقت مشاہدہ کیا گیا جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فون کال کے دوران سعودی ولی عہد نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے صدر کا حلف اٹھانے اور امریکا کی صدارت سنبھالنے پر ٹرمپ کو مبارک باد پیش اور دوست امریکی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام لانے کے لیے سعودی امریکی تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے لیے سعودی ولی عہد نے اپنے ملک کی سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔