بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کہا کہ امریکی اقدامات سے کثیر الجہتی تجارتی نظام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت تجارت کے ترجمان ہی یونگ چیان نے کہا ہے کہ یکطرفہ جارحانہ اقدامات کے مقابلہ میں اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے یکطرفہ طور پر اضافی محصولات کا نفاذ عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو یکطرفہ اور اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کا ایک عام مظہر ہے، عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام میں خلل پڑتا ہے اور عالمی تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
ترجمان چینی وزارت تجارت کا مزید کہنا تھا کہ چین تجارتی تنازعات کو ہوا دینے کی پہل نہیں کرے گا اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر یکطرفہ اور تجارتی تحفظ پسندی کے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور بین الاقوامی تجارت کی منظم اور مستحکم ترقی کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔