یوکر ین کسی بھی وقت روس کا حصہ بن سکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 11 February,2025 06:07 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ یوکرین کسی بھی وقت روس کا حصہ بن جائے، یہ ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی ہو سکتا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ 3 سال سے جاری تنازعے کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم نے یوکرین کو امداد دی ہے، اب ہمیں اس کے عوض یوکرین سے نایاب معدنیات درکار ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے گزشتہ ہفتے کیے جانے والے مطالبے کو دُہراتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس معاملے میں 5 سو بلین ڈالرز خرچ کیے ہیں اور اس کے بدلے اتنی ہی معدنیات لینا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی کے چیف آف اسٹاف نے کہا ہے کہ یوکرین ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے جمعے کو ملاقات کریں گے، لیکن وہ جنگ بندی سے پہلے اپنی قومی سلامتی کے لیے ضمانتیں لینا چاہتے ہیں، جس میں اس معاملے کو حل کرنے کے لیے نیٹو کی رکنیت یا امن دستوں کی تعیناتی جیسی ضمانتیں ہو سکتی ہیں۔