واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وفاقی اداروں کی ڈاؤن سائزنگ کے منصوبے کے نئے مرحلے میں پروبیشنری ملازمین کو فارغ کرنا شروع کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے سابق فوجیوں کے امور کے محکمے نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ہدایات کے تحت ایک ہزار پروبیشنری ملازمین کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی سرکاری اداروں میں حال ہی میں ملازمت پر رکھے گئے دو لاکھ ملازمین اپنی پروبیشنری مدت پوری کر رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ادارے کے سربراہان کو زیادہ تر ٹرائل اور پروبیشنری عملے کو فارغ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسی طرح یونائیٹڈ سٹیٹس آفس آف پرسنل مینجمنٹ ( او پی ایم) کے کچھ ملازمین کو ایک وڈیو کال کے دوران برطرف کیا گیا جس میں 100 کے قریب ملازمین کو مدعو کیا گیا تھا، ان ملازمین کو بتایا گیا کہ انہیں اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے فارغ کیا جا رہا ہے۔
اس وڈیو کال کے ختم ہونے کے تھوڑی دیر بعد ملازمین کو سبکدوش کرنے کے خطوط ملنا شروع ہو گئے اور ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ان کی اپنے سسٹمز تک رسائی ختم کر دی گئی۔