چین کا یورپ سے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

Published On 17 February,2025 03:08 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے یورپ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میونخ میں جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ سٹریٹجک پارٹنرز کے طور پر چین اور جرمنی نیز چین اور یورپ کو یکجہتی، ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہے، آزاد تجارت پر قائم رہنا چاہیے، کثیرالجہتی پر عمل کرنا چاہئے اور اقوام متحدہ کے اختیار کا تحفظ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چین جرمنی کو کثیر قطبی ڈھانچے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے اور جرمنی کے ساتھ ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھایا جا سکے، عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔

وانگ ای نے کہا کہ چین جرمنی کے یورپی یونین میں چینی الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات کے معاملے پر معقول اور عملی رویہ اپنانے کی تعریف کرتا ہے، امید ہے کہ جرمنی چین اور یورپ کے درمیان تجارتی تنازعات کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔