ٹرمپ نے انگریزی کو امریکا کی سرکاری زبان قرار دے دیا

Published On 02 March,2025 07:42 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انگریزی کو امریکا کی سرکاری زبان قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے انگریزی زبان سے متعلق حکم نامہ جاری کر دیا، ٹرمپ کے ایگزیکٹوآرڈر سے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا فیصلہ منسوخ ہو گیا۔

امریکی صدر نے حکم نامے میں کہا کہ انگریزی کو بہت پہلے سرکاری زبان قرار دے دینا چاہیے تھا، قومی سطح پر نامزد کردہ زبان ایک متحد اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اس فیصلے سے دنیا بھر کے تارکین وطن کی میزبانی کرنے والے ملک میں ہم آہنگی آئے گی، انگریزی بطور سرکاری زبان سے ابلاغ میں بہتری آئے گی اور مشترکہ اقدار کو بھی فروغ ملے گا۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا کی 30 ریاستوں میں پہلے ہی انگریزی سرکاری زبان ہے جبکہ امریکا میں 6 کروڑ 80 لاکھ افراد انگریزی کے علاوہ دیگر زبانیں بولتے ہیں۔