امارات میں مزید دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی

Published On 06 March,2025 10:20 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دو مزید بھارتی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ امور کے مطابق عدالت کی جانب سے فیصلے کو برقرار رکھنے کے بعد کیرالا سے تعلق رکھنے والے محمد ریناش ارنگیلوتو اور مرلی دھرن پیرمتھاٹا کی سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔

دونوں بھارتی شہریوں کو قتل کے مختلف الزامات ثابت ہونے کے بعد یو اے ای میں 28 فروری کو سزائے موت دی گئی۔

واضح رہے گزشتہ ماہ 15 فروری کو ابو ظہبی میں 33 سالہ شہزادی خان کو چار ماہ کے شیر خوار بچے کے قتل کے جرم میں سزائے موت دی گئی تھی۔

خاتون کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ انہیں ان کی سزا کے متعلق کوئی معلومات نہیں تھی جبکہ بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ یو اے ای نے اس متعلق ان کو 28 فروری کو بتایا۔

شہزادی خان کی موت سے قبل 13 فروری کو بھارتی وزیر خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے پارلیمان میں بتایا کہ عرب امارات میں 29 بھارتی سزائے موت کے منتظر ہیں۔