اسلام آباد: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کی آمد پر غیر ملکی سفیروں اور سفارتخانوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام جاری کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید ابراہیم الزہبی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقدس ماہ رمضان کی بابرکت مناسبت سے میں پاکستانی حکومت اور برادر عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان روحانی غور و فکر، اتحاد اور ہمدردی کا مہینہ ہے، ایک ایسا وقت جو سخاوت اور باہمی احترام جیسی مشترکہ اقدار کو مزید مضبوط کرتا ہے، امارات اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہمارے مشترکہ عزم کا ثبوت ہیں۔
اماراتی سفیر نے کہا کہ یہ عزم امن، خوشحالی اور انسانی اقدار کو فروغ دینے کے لیے ہے، یہ مقدس مہینہ ہمارے دونوں ممالک کے لیے برکت، ہم آہنگی اور ترقی لائے، یہ ہمیں نیکی اور صدقہ و خیرات کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد جاری رکھنے کی ترغیب دے۔
فرانسیسی سفارت خانہ کی جانب سے رمضان المبارک کی مبارکباد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دی گئی، فرانسیسی سفارتخانے نے پیرس کی جامع مسجد کی تصویر بھی جاری کی۔
امریکی مشن پاکستان کی جانب سے بھی رمضان کی مبارکباد دی گئی، سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا کہ رمضان کا یہ بابرکت مہینہ سب کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی لائے۔
جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک مبارک ہو، رمضان مفاہمت کا درس دیتا ہے، عالمی امن میں مفاہمت کی بہت ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان ہماری زندگی کی عکاسی کرتا ہے، رمضان ہماری زندگی ، صحت کو بہتر کرتا ہے، رمضان ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔
جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے کہا کہ رمضان ہمیں سکھاتا ہے اپنے دوستوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا ہے، میری جانب سے آپ سب کو بہت بہت رمضان مبارک ہو۔