جدہ: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ملاقات کی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان روس یوکرین بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی بحران کے حل اور امن کے حصول کے لیے کی جانے والی تمام بین الاقوامی کوششوں کےلیے مملکت کی خواہش اور سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے بھی سعودی عرب اور دیگر ممالک کی امن اور سلامتی کی کوششوں کو سراہا۔
خیال رہے کہ صدر زیلنسکی امریکی اور یوکرینی حکام کے جدہ میں مذاکرات سے ایک روز قبل سعودی عرب پہنچے ہیں، جدہ میں ہونیوالے مذاکرات میں امریکی اور یوکرینی حکام روس، یوکرین تنازع کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے۔