پیرس: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ یورپ کے مستقبل کا فیصلہ امریکا یا روس میں نہیں کیا جاسکتا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے قوم سے خطاب میں کہا کہ روس فرانس اور یورپ کیلئے خطرہ بن چکا ہے اور رہےگا، یوکرین کی حمایت میں یورپی فوج بھیج سکتے ہیں، یورپی افواج یوکرین میں فرنٹ لائن پر نہیں ہوں گی، یوکرین کے معاملے میں خاموش تماشائی بنے رہنا احمقانہ ہوگا۔
ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا تو یورپ کو تیار رہنے کی ضرورت ہے، اگلے ہفتے پیرس میں یورپی آرمی چیفس سے ملاقات کروں گا، جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا حتمی فیصلہ فرانس کے ہاتھ میں رہے گا، روس نے یوکرین جنگ کو عالمی تنازع میں تبدیل کردیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس اپنے بجٹ کا 40 فیصد سے زیادہ فوج پر خرچ کررہا ہے، امریکی صدر کو نیا ٹیرف عائد نہ کرنے پر قائل کروں گا۔
ادھر ہنگری کے وزیراعظم فرانسیسی صدر کی دعوت پر پیرس پہنچ گئے، وکٹر اوربان کا ایلیسی پیلس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔