مغربی اتحاد کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا آغاز ہو چکا: ترجمان کریملن

Published On 03 March,2025 07:41 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) ترجمان کریملن نے کہا ہے کہ مغربی اتحاد کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا آغاز ہو چکا ہے، یوکرین میں فوجی آپریشن تمام اہداف پورے ہونے تک جاری رہے گا۔

دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ ممکنہ امن منصوبے کیلئے کوئی منظم یا جاری منصوبہ ہمارے ایجنڈے پر نہیں ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ مغربی اتحاد میں اب اتحاد کی کمی نظر آ رہی ہے۔

ترجمان کریملن نے کہا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک اور گروہوں کے نظریات تبدیل ہو رہے ہیں، یورپ میں کچھ ممالک کا گروپ اب بھی موجود ہے جو بظاہر جنگ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ممالک یوکرین جنگ جاری رکھنے میں حمایت اور فوجی رسد فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم نے یوکرین کیلئے اضافی ایک اعشاریہ چھ ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، اضافی امداد پانچ ہزار سے زیادہ ایئر ڈیفنس میزائل کی خریداری کیلئے مختص کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ یوکرین کو برطانیہ کی جانب سے فراہم دو ارب ڈالرسے زائدقرض کے علاوہ ہے۔