غزہ اور مصر کے سرحدی بارڈر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید

Published On 11 March,2025 07:57 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری، غزہ اور مصر کے سرحدی بارڈر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے جنین شہر میں ایک معمر خاتون سمیت 4 فلسطینی شہید کر دیئے، عمارتوں کے ملبے سے 24 گھنٹوں میں 32 لاشیں برآمد ہوئیں۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 48 ہزار 503 ہوگئی، اسرائیلی فورسز کے حملوں سے اب تک 1 لاکھ 11 ہزار 927 دیگر زخمی ہوئے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق غزہ کی بجلی کاٹنے کا اقدام بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کرے۔

حماس کے مطابق اسرائیلی فورسز اب بھی غزہ اور مصر کے درمیان سرحدی علاقے پر قابض ہیں، اسرائیلی فوج غیر ملکی امداد کو غزہ پہنچنے سے روک رہی ہے۔

حماس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج کو فلاڈیلفیا کوریڈور سے پیچھے ہٹنا تھا۔