ہولی کا رنگ پھینکنے سے منع کیوں کیا؟ انتہا پسندوں کے ہاتھوں نوجوان قتل

Published On 14 March,2025 02:37 am

راجستھان: (ویب ڈیسک) ہولی کا رنگ پھینکنے سے منہ کرنے پر انتہا پسندوں نے نوجوان کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع دوسہ میں پیش آیا جہاں 25 سالہ نوجوان ہنس راج کی لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے جس کے الزام میں 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ اشوک، ببلو اور کالو رام نامی لڑکے مقامی لائبریری پہنچے جہاں ہنس راج مقابلے کے امتحان کے لئے تیاری کر رہا تھا، تینوں لڑکوں نے ہنس راج پر ہولی کے رنگ پھینکنے کی کوشش کی جس پر ہنس راج نے انہیں منع کردیا کیونکہ وہ لائبریری کھیل کھیلنے نہیں بلکہ مطالعہ کرنے آیا تھا۔

ہولی رنگ سے کھیلنے والے ان تینوں نوجوانوں کو ہنس راج کا منع کرنا پسند نہیں آیا اور انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، ہنس راج نے بھی تینوں کے خلاف مزاحمت دکھائی جس پر دو لڑکوں نے ہنس راج کو گرا کر قابو کیا اور تیسرے نے گلا گھونٹ دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہنس راج کے اہلخانہ نے لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کی گرفتار کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے پولیس سے مقتول کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے معاوضہ اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا مطالبہ بھی کیا۔