باکو: (ویب ڈیسک) آذربائیجان اور آرمینیا 40 سالہ پرانا تنازع ختم کر کے امن معاہدہ کرنے پر متفق ہوگئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آرمینیا کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ان کی طرف سے آذربائیجان کے ساتھ امن معاہدے کا ڈرافٹ تیار کرکے حتمی شکل دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے اور دو طرفہ تعلقات کی بحالی کے لئے ڈرافٹ کے متن سے مطمئن ہیں۔
دونوں ممالک کی جانب سے بیانات کے باوجود معاہدے پر دستخط کے حوالے سے حتمی تاریخ غیریقینی کا شکار ہے کیونکہ آذربائیجان نے کہا ہے ان کی طرف سے دستخط کے لئے شرط آرمینیا کے آئین میں تبدیلی ہے جس میں سرحدی حدود کے بڑے دعوے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب آرمینیا نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے لیکن وزیراعظم نیکول پیشنیان نے حال ہی میں کہا تھا کہ ملک کے اولین دستاویزات میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور اس کے لئے ریفرنڈم کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا تاہم اس کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی۔
خیال رہے کہ سوویت یونین سے الگ ہونے والی دونوں ریاستوں کے درمیان 1980ء کے اواخر میں جنگ شروع ہوئی تھی جو طویل عرصے تک چلتی رہی۔