نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا میں سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کیجانب سے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق بیان جاری کیا گیا ہے۔
سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹرین دہشت گرد حملےمیں ’را‘ ملوث ہے، عالمی ادارے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور ’را‘ کےخلاف کارروائی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت خفیہ جنگی حکمتِ عملی کے بلیو پرنٹ پر عمل کر رہا ہے، مودی کا بھارت صرف علاقائی خطرہ نہیں، یہ ایک مکمل دہشت گرد حکومت ہے، مودی حکومت پُرتشدد بین الاقوامی جبر میں مصروف ہے۔
گرپتونت سنگھ نے کہا کہ بلوچستان ٹرین حملہ بھارت کے جارحانہ دفاعی نظریئے کا ثبوت ہے، بھارت خفیہ دہشت گردانہ کارروائیوں سے پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، بھارت بیرونِ ملک مخالفین کے قتل، انتہا پسندی اور سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مودی نے بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا عالمی مرکز بنا دیا ہے، ’را‘ کی بے قابو کارروائیاں جنوبی ایشیاء کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور ریاستی تشدد کی خطرناک عالمی مثال قائم کر رہی ہیں۔
رہنما سکھ فار جسٹس گرپتونٹ سنگھ نے مزید کہا کہ بھارت کے انٹیلی جنس آپریٹس پر سفارتی اور سکیورٹی پابندیاں لگائی جائیں، دنیا اب بھارت کی خفیہ دہشت گردانہ کارروائیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کا احتساب نہ کیا گیا توان کا اگلا حملہ اور بھی زیادہ معصوم جانیں لے گا۔