متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان

Published On 18 March,2025 05:20 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

اماراتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل (FAHR) نے سرکلر جاری کردیا جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے شعبے کے لیے عید الفطر کی چھٹیاں یکم تا 3 شوال ہجری تک ہوں گی اور سرکاری کام 4 شوال کو دوبارہ شروع ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق اگر رمضان المبارک 30 دنوں کا رہا تو 30 رمضان کو ایک اضافی چھٹی ہوگی اس طرح عید الفطر کے وقفے کو بڑھا دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پرائیویٹ سیکٹر کی عید تعطیلات کے بارے میں فی الحال کوئی شیڈول سامنے نہیں آیا تاہم امکان ہے کہ یہاں بھی ملازمین کو اسی طرح کی چھٹیاں ملیں گی۔

اگر شوال کا چاند 29 مارچ ہفتے کی شام نظر آگیا تو عید الفطر 30 مارچ اتوار کو ہوگی اور اتوار کو عید کا پہلا دن ہو گا، اس صورت میں سرکاری تعطیلات اتوار سے منگل تک جاری رہیں گی، زیادہ تر افراد کو ہفتہ سے منگل تک 4 دن کا ویک اینڈ ملے گا۔

دوسری صورت میں اگر ہفتہ کی شام کو چاند نظر نہیں آیا تو 30 روزے ہوں گے جب کہ عید پیر 31 مارچ کو شروع ہو گی، ایسے میں ہفتے کے روز سے شروع ہونے والی تعطیلات بدھ 2 اپریل تک جاری رہیں گی جو کہ 5 چھٹیوں کا طویل ویک اینڈ رہے گا۔