اسرائیل کی غزہ کے مختلف علاقے صیہونی ریاست میں شامل کرنے کی دھمکی

Published On 02 April,2025 08:53 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی جنگ بندی کے باوجود غزہ پر جاری تازہ بمباری کی وجہ بتاتے ہوئے وزیردفاع نے اپنے جارحانہ مذموم عزائم کھل کر بتادیئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا کہ غزہ کے جنوبی علاقوں میں فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ فوج مزاحمت کاروں اور ان کی بنیادی ڈھانچے کو صفحہ ہستی سے مٹانے اور غزہ کے "وسیع علاقے" پر قبضے کے لیے کارروائی کریں گے۔

وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بتایا کہ غزہ کے جنوبی علاقوں کو کلیئر کروا کر اسے سیکیورٹی زونز میں شامل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفاہ میں ایک اور ڈویژن تعینات کی ہے جس کا مقصد حماس کے خلاف آپریشن کو تیز کرنا ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب رفاہ اور خان یونس میں بمباری کی گئی جس میں 20 زائد شہادتیں ہوئیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے اونروا کے کلینک کو نشانہ بنایا جسے حماس کے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

دریں اثنا، ’ہوسٹیجز اینڈ مسنگ فیملیز فورم‘ نے اس اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت "یرغمالیوں کی قربانی" دے کر "علاقائی فوائد" حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

فورم نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ غزہ جنگ ختم کرے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ پر عمل درآمد کرے۔