لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی پروازوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا پانچواں روز، گزشتہ 4 روز کے دوران 320 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں۔
فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 65 کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا نقصان ہوا، دگنے فیول اور دیگر اخراجات نے بھارتی ایئرلائنز کی چیخیں نکال دیں۔
ذرائع ایوی ایشن کے مطابق ایئر انڈیا اور دیگر بھارتی ایئرلائنز کے بوئنگ طیارے کو 100 گھنٹے کے اضافی سفر میں 5 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کے اضافی خرچ کا سامنا ہے، ایئر بس طیاروں کو 100 گھنٹے کی اضافی پرواز سے ایک لاکھ 96 ہزار ڈالر کے اضافی فیول اخراجات کا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس پر پہنچنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، دہلی، امرتسر، ممبئی، احمد آباد سمیت دیگر بھارتی شہروں سے امریکا، یورپ، برطانیہ، مڈل۔ایسٹ کی پروازوں کا دورانیہ بھی 2 سے 4 گھنٹے بڑھنے سے مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں۔
بھارتی مسافر اپنی ایئرلائنز کو چھوڑ کر دیگر ملکوں کی ایئرلائنز کو ترجیح دینے لگے، پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیارے دو سے چار گھنٹے اضافی پرواز پر مجبور ہیں۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث اب بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سفر کرکے بحیرہ عرب تک جانا پڑ رہا ہے، اس سے جہازوں کے اضافی فیول کے استعمال سے لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ بندش سے بھارتی ائیرلائنز کو ایندھن کی مد میں یومیہ 15 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان سامنا ہے، دہلی، لکھنؤ، امرتسر وغیرہ سے دبئی اور مڈل ایسٹ جانے والی پروازوں کو تقریباً دگنا فیول کے استعمال کا سامنا ہے۔
اضافی فیول کے استعمال کے باعث ٹکٹ کی قیمت میں اضافے سے مسافر غیر ملکی ایئر لائنز سے سفر کو ترجیح دے رہے ہیں، مسافروں کے دوسری ایئر لائنز سے رجوع کے باعث ایئر لائنز کو بھی نْقصان کا بھی سامنا ہے۔