صیہونی فورسز کے غزہ پر حملے جاری ، بچوں سمیت 50 فلسطینی شہید

Published On 29 April,2025 06:33 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جار ی ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 فلسطینی شہید جبکہ 113 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں صبح سے جاری حملوں میں50 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں بھی 5 بچوں کو شہید کردیا گیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بربریت میں شہدا کی تعداد 52 ہزار 365 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 17 ہزار 905 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی غزہ میں امداد کی بندش کے خلاف سماعت ہوئی جس دوران فلسطینی سفیر نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی امداد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

ادھر سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے بھی لبنانی حکومت سے امریکا کے ذریعے اسرائیل کو لگام دلوانےکا مطالبہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یمن میں امریکی حملوں میں شہریوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔