ماسکو، کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کی جانب سے روس کے دارالحکومت ماسکو سمیت کئی شہروں پر درجنوں ڈرون طیاروں سے حملہ، 10 ہوائی اڈے بند ہو گئے۔
یوکرین کی جانب سے یہ حملہ روس کی جانب سے نازی جرمنی پر فتح کی سالانہ تقریب سے صرف تین دن پہلے کیا گیا ہے۔
روسی دارالحکومت ماسکو میں جمعہ کے روز ایک عظیم فوجی پریڈ ہوگی جس میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور بیس کے قریب غیر ملکی رہنما شرکت کریں گے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت کی فضاؤں میں 19 ڈرون طیاروں کو مار گرایا، ان میں سے کچھ کا ملبہ شہر کے جنوبی حصے میں ایک مرکزی سڑک پر گرا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
روسی میڈیا نے یوکرینی ڈرون حملوں سے سپر مارکیٹ کی ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں اور ایک رہائشی عمارت کی جلی ہوئی بیرونی دیواروں کی تصاویر بھی نشر کیں۔
یوکرینی حملے سے وولگو گراڈ کا ہوائی اڈہ بھی متاثر ہوا ہے، وولگوگراڈ کو ماضی میں اسٹالن گراڈ کہا جاتا تھا، دوسری جنگ عظیم کی سب سے خونی لڑائی کا مرکز تھا، یہاں نازی فوج کو تاریخی شکست ہوئی تھی۔
روسی علاقے وورونِیژ میں بھی فضائی دفاعی نظام نے 18 یوکرینی ڈرون طیارے مار گرائے جبکہ پینزا کے حکام نے 10 ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
یاد رہے کہ روس نے نازی جرمنی پر فتح کی سالگرہ کے موقع پر تین دن کی جنگ بندی کی تجویز دی تھی تاہم یوکرین نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔