بھارتی وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں امریکی کردار کا اعتراف کرلیا

Published On 22 May,2025 09:17 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاک بھارت کشیدگی کم کروانے میں امریکی کردار کا اعتراف کرلیا

ایک انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ نے جب یہ کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رابطے کے لیے ہاٹ لائن موجود ہے تو سوال کیا گیا کہ پھر امریکا کا کیا کردار تھا؟ جس پر جے شنکر بولے کہ امریکا کے پاکستان اور بھارت دونوں سے رابطے تھے، تاہم جہاں تک جنگ بندی کا تعلق ہے، تو یہ بات پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان براہِ راست طے ہوئی ہے۔

جے شنکر نے کہا کہ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اُن سے رابطے میں تھے، اسی طرح امریکی اہلکار پاکستان سے بھی رابطے میں تھے۔ 

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ امریکا اکیلا نہیں تھا، کئی اور ملک تھے جو رابطے کر رہے تھے، یہ فطری بات ہے کہ دو ملک تنازع میں گھرے ہوں تو دیگر ممالک رابطے کرکے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہیں، تاہم جہاں تک جنگ بندی کا تعلق ہے، تو یہ بات پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان براہ راست طے ہوئی ہے۔