بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے امریکا میں چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزرات خارجہ نے کہا کہ امریکا نظریاتی اور قومی سلامتی کا بہانہ بنا کر چینی طلبا کے ویزے منسوخ کر رہا ہے، امریکی فیصلے سے چینی طلبا کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کے امریکی فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، معاملے پر چین نے امریکی حکام کو احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ، ایسے سیاسی امتیازی اقدام نے امریکا کی نام نہاد آزادی کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام امریکا کی عالمی شہرت اور قومی ساکھ کیلئے مزید نقصان دہ ہوگا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکومت نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کیا، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ یہ اقدام قومی سلامتی کے پیش نظر اٹھایا جا رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کا کہنا تھا کہ چینی اور ہانگ کانگ کے شہریوں کی ویزا درخواستوں کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی، مستقبل میں درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی گہری چھان بین کی جائے گی۔