سکھ تنظیموں کا کینیڈا سے مودی کو جی 7 اجلاس میں مدعو نہ کرنے کا مطالبہ

Published On 01 June,2025 10:52 am

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) سکھ تنظیموں نے کینیڈین حکومت سے مودی کو جی 7 اجلاس میں مدعو نہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

بھارتی حکومت کی سکھوں کیخلاف ٹارگٹ کلنگ پر کینیڈین سکھ برادری کا بڑا مطالبہ سامنے آیا ہے، کینیڈا کی سکھ تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مودی کو جی 7 اجلاس میں مدعو نہ کیا جائے۔

سی بی سی نیوز کے مطابق کینیڈا جی 7 کے رہنماؤں کی میزبانی کر رہا ہے، اجلاس میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، امریکہ اور یورپی کمیشن کے صدور شامل ہیں۔

ٹورنٹو کی سکھ فیڈریشن کا موقف ہے کہ مودی کو مدعو کرنا درست نہیں، جب تک بھارت کینیڈا میں مجرمانہ تحقیقات میں تعاون نہ کرے اسے مدعو نہ کیا جائے۔

کینیڈین حکومت ہردیب سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘ پر عائد کر چکی ہے، انسانی حقوق کے مسائل کو اقتصادی مفادات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔

سکھ تنظیموں کا اقتصادی مفادات پر بیان کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، وزیر خارجہ انیتا آنند نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔