بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور جھٹکا، مودی کو جی سیون اجلاس میں شرکت کی دعوت نہ ملی

Published On 02 June,2025 08:05 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر سفارتی خفت کا سامنا، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو رواں ماہ کینیڈا میں ہونے والے جی سیون (G7) سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں ملی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا 15 سے 17 جون تک جی سیون اجلاس کی میزبانی کرے گا، تاہم بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو ابھی تک باضابطہ طور پر اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

بھارتی سفارتی ذرائع کے مطابق اگر دعوت موصول بھی ہو جائے تو بھی وزیر اعظم مودی کی شرکت کے امکانات کم ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ بھارت کی یہ تشویش ہے کہ آیا کینیڈا کی نئی حکومت خالصتان تحریک سے متعلق بھارتی تحفظات کو سنجیدگی سے لے گی یا نہیں۔

ادھر کینیڈین حکومت کے جی سیون اجلاس کے ترجمان نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے یا نہیں۔

مزید برآں، بھارتی میڈیا کا ماننا ہے کہ اس دورے کی تیاری کے لیے وقت کم ہے جبکہ سکھ علیحدگی پسندوں کے ممکنہ احتجاج اور کینیڈا سے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے بھارت آخری لمحے پر آنے والی کسی بھی دعوت کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس اجلاس میں دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، امریکا اور یورپی کمیشن کے صدور کی شرکت متوقع ہے۔