اسرائیل کا شام کے فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، 4 شہری شہید، متعدد زخمی

Published On 05 June,2025 12:41 am

دمشق: (دنیا نیوز) اسرائیل نے شام کے فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا جس میں چار شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملے میں صوبہ حما میں فضائیہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، متعدد دھماکوں کے بعد اسلحہ ڈپو سے دھوئیں کے بادل اٹھنا شروع ہو گئے۔

خبرایجنسی نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے شامی شہری گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کہہ چکا ہے کہ شام میں جاری اس کی فوجی کارروائیوں کا مقصد اسرائیلی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے تاہم کچھ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل اپنے ایک دیرینہ دشمن (شام) کو کمزور کرنے کے لئے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں بھی اسرائیل کی جانب سے شام کے بحری بیڑے پر بڑے حملے کی تصدیق کی گئی تھی، اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اُس کے جنگی طیاروں نے البیضا اور اللاذقيہ کی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جہاں شامی بحریہ کے 15 بحری جہاز لنگر انداز تھے۔